وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے عیدالفطر اور نوروز کے موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کیا۔
وزیراعظم نے ایرانی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مذہبی اور ثقافتی رشتوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ایرانی صدر نے بھی پرتپاک انداز میں جواب دیتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس مشکل وقت میں ایرانی عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
مشرقِ وسطیٰ کشیدگی: بھارت میں گیس کی قیمتوں میں شدید اضافہ، کاروبار متاثر
انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں اور متاثرین کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیراعظم نے خلیجی خطے کی بگڑتی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سفارتکاری کی فوری ضرورت پر زور دیا اور امت مسلمہ کے اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے ایرانی صدر کو پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔











